کراچی(کامرس رپورٹر)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی)کے صدر فیصل معیز خان نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر کاشینکو کی سربراہی میں بیلا روس وفد کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیاہے۔فیصل معیز خان نے کہا کہ بیلا روس کے صدر اور وفد کے دیگر اراکین کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔ فیصل معیز خان نے پاکستان۔بیلاروس بزنس فورم کے مابین 8 تجارتی معاہدوں کے طے پانے پر بھی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین فوڈ ، فارما ،آٹو سیکٹر،ٹائرز میں تجارت کے وسیع مواقع ہیں اور بیلاروس کے ٹریکٹرزکی پائیداری اور مضبوطی کے سبب پاکستان کی مارکیٹ میں مانگ ہے اس کے علاوہ ہ نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور بیلٹاموز سروس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت ، فارما انڈسٹری میں تعاون پر بائیو میڈیکل سسٹم اور بیلمیڈ پریپریٹری کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بھی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔فیصل معیز خان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پائے جانے والے معاہدوں سے دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔