کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹرجنرل تعلقات عامہ حکومت سندھ محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ میں خدمات فراہم کرنے والے ادارے عوام الناس کوبہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کو بلامعاوضہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے سندس فاؤنڈیشن کے کراچی کے مرکز کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے عمران مہر ،فیصل حمید،سینئر صحافی ندیم اسرار عثمانی ،اور دیگر عہدیدران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایک ایسا کام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے میں روزانہ کی بنیاد پر انتقال خون کے ساتھ خون کی بیماریوں کی جانچ کے لیے ٹیسٹ کئے جانا بھی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا صحت کے شعبہ میں سندھ حکومت انتھک محنت سے کام کر رہی ہے جس کی نمایا ں مثال جناح ہسپتال کا سائبر نائف ،سر عبدالقادر انسٹیٹوٹ گمبٹ ،آٹزم سینٹر ، مصنوعی اعضاء کی تیاری کا ادارہ، انفیکشن ڈیزیز اسپتال گلشن اقبال ، این آئی سی وی ڈی اور دیگر ادارے ہیں۔