سرکاری اسکولوں میں سہولیات فراہم کررہے ہیں،منصور شیخ

79
مقامی پرائیوٹ اسکول میں پاکستان کی پہلی اے آئی ٹیچربچوں کو پڑھاتے ہوئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کو انگلش میڈیم اور نجی اسکولوں کے برابر تعلیم اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں تعمیر و ترقی اور عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ تعلیم کو فروغ دینے کیلیے عملی طور پر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ٹاؤن کے اسکول نمبر 56/57نجیب شہید اسکول ٹیکری کالونی میں اسکول بلڈنگ کی تزئین و آرائش کے جاری کام کے معائنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو،ڈائیریکٹر ایجوکیشن محمد رئیسی اور محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔ اسکول کا دورہ کرتے ہوئے چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کو صدر ٹاؤن کی پہچان بنائیں کیونکہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی ملک و قوم کو صیح معنوں میں ترقی کی منازل تک لے جا سکتا ہے۔ ہمارا مشن ہے کہ صدر ٹاؤن کے ہر گھر میں تعلیم کو عام کیا جائے اس ضمن میں تسلسل کے ساتھ مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں چیئرمین صدر ٹاؤن نے کہا کہ دور حاضر کا تقاضہ ہے کہ وطن عزیز کا ہر شہری تعلیم یافتہ ہو کیونکہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی اور کامیابی کی کنجی ہے اس موقع پر میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو نے کہا کہ ضروری ہے کہ کہ ہم پاکستان کے تمام والدین کو قائل کریں کہ وہ بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں تاکہ بچے اپنے روشن مستقبل کے حصول کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں ۔ ہمیں اپنے بچوں کو اپنے وطن اور تعلیم سے محبت کادرس دینا چاہئے۔ بعد ازاں چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے اسکول میں جاری تزئین و آرائش کے جاری کام کو جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی۔