انارکسٹ گروپ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے ، وزیر اعظم 

156
Privatization process

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے سرینگر ہائی وے پر پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں پر حملہ کیا ۔

وزیر اعظم نے اس واقعے میں رینجرز کے شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ انارکسٹ گروپ کا مقصد انقلاب نہیں، بلکہ خونریزی ہے۔

وزیر اعظم نے اس حملے کو “جعلی پرامن احتجاج” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شدت پسندی کی علامت ہے اور پاکستان ایسے تشدد اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملہ آوروں کو پکڑ کر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

واقعے کے بعد وفاقی حکومت نے فوج کو دارالحکومت اسلام آباد میں تعینات کر دیا ہے اور وزارت داخلہ نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو بدامنی پھیلانے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ اس حملے میں چار رینجرز اور دو پولیس افسران شہید ہوئے ہیں، جب کہ 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔