اسکاٹ لینڈ میں 132 سال پرانے پیغام والی بوتل کی دریافت

247

اسکاٹ لینڈ کے 209 سال قدیم کورس وال لائٹ ہاؤس میں ایک 132 سال پرانی بوتل میں پیغام دریافت ہوا ہے، جس نے ماضی کی یادوں کو زندہ کر دیا۔

رینڈل لائٹ ہاؤس بورڈ کے مکینیکل انجینئر راس رسل نے لائٹ ہاؤس کے کپ بورڈ میں پینلز ہٹاتے ہوئے ایک چھپی ہوئی بوتل کا سراغ لگایا۔ یہ لائٹ ہاؤس، جو رھنز آف گالوے کے شمالی سرے پر واقع ہے، اس تاریخی دریافت کا گواہ بنا ہے۔

رسل اور ان کی ٹیم نے بوتل نکالنے کے لیے رسے اور جھاڑو کے دستے کا استعمال کیا اور اس کے بعد موجودہ لائٹ ہاؤس کیپر بیری ملر کے ساتھ مل کر بوتل کو کھولا۔ تاہم، بوتل کا ڈھکن جمی ہوئی حالت میں تھا، جسے احتیاط سے ڈرل کے ذریعے کھولا گیا۔

پیغام میں 4 ستمبر 1892 کی تاریخ درج تھی اور اس میں تین انجینئرز اور تین لائٹ ہاؤس کیپرز کے نام شامل تھے، جنہوں نے 100 فٹ بلند لائٹ ہاؤس کی چوٹی پر ایک لائٹ نصب کی تھی ۔ ملر نے کہا کہ “یہ ایک ناقابل فراموش لمحہ تھا، ایسا لگا جیسے ہم ماضی کے ساتھیوں سے مل رہے ہوں ۔ یہ احساس تھا کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں ۔”

پیغام میں یہ بھی لکھا تھا کہ یہ لالٹین جیمز ویلز، جان ویسٹ ووڈ، جیمز برڈی اور ان کے ساتھیوں نے مئی سے ستمبر 1892 کے دوران نصب کی تھی ۔

رسل اور ان کی ٹیم نے اس تاریخی دریافت کے بعد فیصلہ کیا کہ وہ بوتل کو واپس اس کی چھپائی کی جگہ پر رکھیں گے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس ماضی کے پیغام سے آگاہ ہو سکیں ۔