ماسکو:روس نے یوکرین پر ایک ساتھ سیکڑوں ڈرونز داغ دیے، جسے اب تک کا سب سے بڑا حملہ کہا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق روس کی جانب سے رات گئے اچانک ہی یوکرین پر 180 سے زیادہ ڈرونز داغ دیے گئے۔ عالمی میڈیا میں اس کارروائی کو روس کا یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ روس نے مجموعی طور پر 188 ڈرونز سے حملہ کیا ہے، جس میں خودکش ڈرونز بھی شامل تھے۔
بتایا گیا ہے کہ روس نے اس حملے کے ایک چال چلی، جو کہ کامیاب ہو ثابت ہوئی، ابتدائی طور پر روس کی جانب سے یوکرین کے فضائی دفاع کے نظام کو ڈمی ڈرونز کے ذریعے سے دھوکا دیا گیا، جس کے بعد اصل حملہ آور ڈرونز داغ دیے گئے، جنہوں نے اپنے ہدف کو جاکر نشانہ بنایا۔
دوسری جانب یوکرینی فوج کا دعویٰ ہے کہ روس کی جانب سے داغے گئے 188 ڈرونز میں سے 76 کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ دارالحکومت کیف کی جانب حملے کے لیے بھیجے گئے 10 ڈرونز کو ناکارہ بنایا گیا، جن کا ملبہ رہائشی عمارتوں کی چھت پر گرا۔
میڈیا ذرائع میں روس کی جانب سے کیے گئے اس تازہ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم جزوی طور پر نقصان ہوا ہے، جس میں کچھ علاقوں کی بجلی منقطع ہونے کے ساتھ کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔