اسلام آباد:بشریٰ بی بی نےاحتجاج میں شریک کارکنوں سے وعدہ لیا کہ عمران خان کو لیے بغیر یہاں سے کوئی واپس نہیں جائے گا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے کارکن حکومتی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک پر پہنچ گئے،پہنچنے کی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی جا رہی ہیں۔
ڈی چوک پر احتجاج کرنے والے کارکنوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے خطاب کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور اور دیگرپارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
بشریٰ بی بی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صرف آپ لوگوں کےلیے کھڑے ہیں اور وہ کھڑے رہیں گے۔ اب آپ کو وعدہ کرنا ہوگا کہ جب تک عمران خان آپ کے درمیان نہ آ جائیں، آپ لوگ ڈی چوک کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ سب سے وعدہ کرتی ہوں کہ جو ڈی چوک پر آخری فرد رہے گا، وہ میں ہوں گی اور خان کو لیے بغیر یہاں سے واپس نہیں جاؤں گی۔ اس حوالے سے اگر کوئی بھی آپ سے کہے کہ بی بی ڈی چوک چھوڑ کر واپس چلی گئی تو وہ سچ نہیں ہوگا۔