بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی

120

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔ آئی پی ایل سیزن 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی 2 روزہ تقریب گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں شروع ہوئی جس میں فرنچائزز نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بہترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے میں خریدا۔ اتوار کو پہلے پنجاب کنگز نے بھارتی کرکٹر شریاس ائیر کو 26 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا جس کے بعد شریاس آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بنے۔ لیکن یہ ریکارڈ کچھ لمحوں بعد ہی ٹوٹ گیا جب لکھنؤ سپر جائنٹس نے بھارتی کرکٹر رشبھ پنت پر آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگائی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنٹ کو 27 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا، جس کے بعد پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی کا اعزاز آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے پاس تھا، جنہیں گزشتہ سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔