پی ٹی آئی دھرنا، اہم ادارے کی حکومت کو احتجاج ختم کرانے کی ہدایت

111

 

کراچی (تجزیاتی رپورٹ: محمد انور) ملک کے بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے اور مخلوط حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جانے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان اپنے چیئرمین عمران خان کی رہائی کیلیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوکر احتجاج کر رہے ہیں اور اس احتجاج کو روکنے کیلیے مرکزی حکومت کی طرف سے کیے گئے  سخت اقدامات ہزاروں مظاہرین کو روکنے میں ناکام نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے مظاہرین کے حوصلے بلند نظر آتے ہیں جبکہ حکومت میں احتجاج روکنے میں مایوسی واضح ہورہی ہے۔ دوسری طرف سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پر احتجاج کا سلسلہ بڑھنے سے قبل اسے روکنے کے لیے دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر یہ احتجاج کامیاب ہوجاتا ہے تو یہ بات بھی واضح ہوجائے گی کہ ملک کے ایک صوبے کے لوگ حکومت سے خوش نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم ادارے کی جانب سے حکومت پر یہ بھی واضح کیا جارہا ہے کہ بغیر کسی جانی اور مالی نقصان کے احتجاج کو روکا جائے، حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں جلد از جلد حالات کو بہتر بنایا جائے۔