اسلام آباد:چیف جسٹس کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کے لیے 9 ججوں کی نامزدگی کردی گئی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں 11 اور 4 کے اکثریتی فیصلے سے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے لیے 9 ججوں کی نامزدگی کردی گئی۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئے تھے۔
سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کے لیے جسٹس عبدالکریم خان آغا کو سربراہ جب کہ جسٹس سلیم جیسر ، جسٹس عمر سیال، جسٹس یوسف علی سید ، جسٹس عبدالمبین لاکھو،جسٹس ذوالفقار علی سانگی ، جسٹس ثنا اکرام منہاس ، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس ارباب علی ہکڑو آئینی بینچوں کے لیے نامزد ہوئے۔
اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ ، جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اختلافی رائے دی جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔