پی ٹی آئی احتجاج:عمران، بشریٰ اور دیگر کے خلاف کئی مقدمات

102

لاہور، راولپنڈی:پی ٹی آئی احتجاج کے سلسلے میں عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت دیگر ارکان و رہنماؤں کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 24 نومبر کو پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج پر عمران خان، بشریٰ بی بی، ڈاکٹر عارف علوی اور دیگر پارٹی سے وابستہ افراد کے خلاف کئی شہروں میں مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقدمات راولپنڈی، لاہور، سرگودھا اور دیگر علاقوں کے تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔ پہلا مقدمہ راولپنڈی میں ٹیکسلا تھانے میں درج کیا گیا، اس کے علاوہ تھانہ صادق آبادا ور دھمیال میں بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان کیسز میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ایک کیس میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی گنڈاپور، عمران خان کی بہن علیمہ خان، پارٹی رہنما اعظم سواتی، تیمور مسعود، شہریار ریاض سمیت 300 سے زیادہ رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ مظاہرین نے سرکاری موٹر سائیکل اور گاڑی کو نقصان پہنچایا، پولیس ڈرائیور کو اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر چھوڑ دیا جب کہ بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد چڑھائی کا منصوبہ دیا۔

مقدمہ نمبر 2594 میں کار سرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ مظاہرین پر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور مجمع جمع کرکے شاہراہوں کو بند کرنے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔

ایک اور مقدمہ تھانہ دھمیال میں درج کیا گیا ہے، جس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاوہ حماد اظہر، عمر ایوب، عارف علوی، شہریار ریاض اور کرنل اجمل راجہ نامزد ہیں۔ ملزمان نے نعرے بازی کی اور پولیس سے مزاحمت کرتے ہوئے سیدھی فائرنگ کی۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے عمران خان کے ایما پر سازش مجرمانہ کے تحت پر تشدد احتجاج کیا۔ملزمان نے خلاف قانون مجمع اکٹھا کر کے کار سرکار میں مزاحمت کی، شاہراہ کو بند کر کے عوام کا راستہ روکا اور شہری زندگی کو مفلوج کیا۔ ملزمان نے پر تشدد احتجاج کر کے شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا اور  جلاؤ گھراؤ کیا۔ احتجاج کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا گیا۔

ایک مقدمہ صادق آباد تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت 16 دفعات عائد کی گئی ہیں۔ مقدمے میں حماد اظہر، عمر ایوب، اسد قیصر، عارف علوی، شہریار ریاض اور کرنل اجمل راجا بھی نامزد ہیں۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے پولیس افسران پر حملہ کیا، تشدد  اور پتھراؤ سے 2 پولیس کانسٹیبل زخمی کیے جب کہ مظاہرین نے کانسٹیبل فضل عباس سے ٹیئر گیس گن چھینی اور سرکاری و پرائیویٹ املاک کو نقصان پہنچایا۔

اُدھر لاہور میں پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر رکن صوبائی اسمبلی سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں پر 22 مقدمات درج کر لیے گئے جس میں پولیس مقابلوں کی دفعات بھی شامل ہے۔ ان مقدمات میں 350 نامزد اور 400 سے زائد نامعلوم ملزمان شامل ہیں۔ یہ مقدمات جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن، مناواں، ڈیفنس سی اور غازی آباد میں درج کیے گئے۔

اُدھر سرگودھا میں بھی پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی سمیت 3 مختلف دفعات کے تحت 2 ارکان قومی اور 2 ارکان صوبائی اسمبلی سمیت 200 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔