میرپورخاص، بھٹائی ڈینٹل کالج میں آئی ٹی لیب کا افتتاح

43

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)بھٹائی گروپ آف کالجز کے بھٹائی ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج میں جدید آئی ٹی لیب اور آڈیٹوریم کا افتتاح کردیا گیا،آئی ٹی لیب سے طالب علموں کو آن لائن امتحانات دینے میں آسانی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بھٹائی ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی طرز پر جدید آئی ٹی لیب اور اسٹیٹ آف دی آرٹ آڈیٹوریم کا افتتاح منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام مصطفی بٹ نے ربن کاٹ کر کیا۔ ان کے ہمراہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نرسنگ ڈاکٹر سہیل احمد کھیڑو،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایڈمنسٹریٹرعامر شکور،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آئی ٹی انچارج عمیز راجا،ڈین ڈاکٹر عاطف محمود،ایسو سی ایٹ ڈین ڈاکٹر پرمانند،پرنسپل ڈاکٹر ارحما سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور طالب علم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام مصطفی بٹ کا کہنا تھا کہ ہم روز اول سے بھٹائی ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج کو جدید طرز پر لانے کے لئے کوشاں ہیں اور جدید آئی ٹی لیب جس میں 50 کمپیوٹر سسٹم نصب کئے گئے ہیں اس سے یہاں کے طالب علم مستفید ہوںگے اور انہیں آن لائن امتحان دینے میں بھی آسانی ہوگی جبکہ آڈیٹوریم میں ہمارے مختلف سیمینار اور لیکچرز میں طلبہ و طالبات بری تعداد میں شرکت کرسکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھٹائی گروپ آف کالجز پسماندہ علاقے میرپورخاص میں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی کو جاری رکھے ہوئے ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جلد از جلد میڈیکل کالج کی شروعات بھی کی جاسکے جس کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔