سکھر (نمائندہ جسارت) ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے اپر سندھ سکھر ریجن میں زیر کفالت یتیم بچوں کیلیے المہران کلچر سینٹر سکھر میں سالانہ ہائر ایچیومینٹ ایوارڈ 2024ء تقریب کا انعقاد، تقریر، کوئز، مقابلہ حسن قرآت، مقابلہ آزان سمیت تعلیم میں امتیازی پوزیشن سے کامیابی حاصل کرنے والے بچوں میں ایوارڈ اور انعامات کی تقسیم، ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ(ایچ ایچ آر ڈی) کی جانب سے اپر سندھ ریجن کے کشمور، جیک آباد اور سکھر ڈسٹرکٹ کے باہمت بچوں (آرفن بچوں )کا ایک شاندارسالانہ ایوارڈ شو 2024ء تقریب المہران کلچرل سینٹر میں منعقد ہوا، پروگرام کے مہمانان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر سکھر صوبیہ فلک راؤ، سر غلام حسین منگنہار ، الخدمت کے ڈاکٹر عبدالعزیز میمن ، مامون الرشید، صدر سکھر پریس کلب آصف ظہیر خان لودھی، سوئٹ ہوم کے شبیر میمن ، قاضی خالد، سہیل قریشی ، زبیر مہر اورعبد الرزاق بلوچ، رضوان اللہ خان تہے، ایوارڈ شو میں ایک سو سے زائد طلبہ و طالبات کو سال بھر ہونے والے مقابلہ جات ، میٹرک بورڈ اور انٹر بورڈ کے اندر اے ون اور اے گریڈز حاصل کرنے والے بچوں طلبہ طالبات کو ایوارڈ ، کیش انعامات، سائیکلیں ،ٹیبلٹ، اسپورٹس کٹ، کتابوں سمیت بڑی تعداد میں انعامات دیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپر سندھ کے ایریا منیجر حارث مسعود نے کہا کہ ہمارا ادارہ اس وقت پورے پاکستان میں دس ہزار پانچ سو بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی، اخلاقی اور تخلیقی نشوونما کررہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر صوبیہ فلک راؤ نے اپنے خطاب میں ایچ ایچ ار ڈی کی کوششوں کو سراہا اور اپنے تعاون کا پورا یقین دلایا۔ دیگرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت بہت عظیم کام ہے اس سے نہ صرف آخرت بلکہ دنیا کی بھلائیاں بھی سمیٹی جا سکتی ہیں اور آج کا ہونے والا یہ شاندار ایوارڈ شو اور اس کے اندر شریک ان باہمت بچوں کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ایچ ایچ آر ڈی ان بچوں کے اندر پاکستان اور اسلام کے ساتھ وفاداری ، تعلیمی میدان میں مسابقت، اور اچھا شہری بننے کا جذبہ پروان چڑھا رہی ہے، تقریب میں صحافی حضرات ، اساتذہ اور ان بچوں کی ماؤں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، اختتام پر پوزیشن ہولڈر تمام طلبا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ جن کو حاصل کرنے پر ان کی خوشی دیدنی تھی۔