پی ڈی ایم ٹو کی پالیسیاں ناقابل فہم ہے،جاوید قصوری

49

لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت بو کھلاہٹ کا شکار ہے، پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، پی ڈی ایم ٹو کی پالیسیاں نا قابل فہم اور مایوس کن ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے شہباز حکومت اپنے لیے خود مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔گزشتہ 18 ماہ کے دوران حکومت نے احتجاج اور دھرنے روکنے کی غرض سے قومی خزانہ سے 2ارب 70کروڑ روپے خرچ کر دیے ہیں۔ پورے ملک میں اضطراب کی کیفیت ہے۔کنٹینر لگا کر ملک کو بند کر دیا گیا، انٹرنیٹ کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ملک و قوم کو ایسی بند گلی کی طرف دکھیلا جا رہا ہے جہاں تباہی کے سوا کچھ نہیں، 25کروڑ عوام میں مایوسی پھیلتی چلی جا رہی ہے۔فارم 47کے جعلی مینڈیٹ پر قائم ہونے والی حکومت نا اہلوں پر مشتمل ہے ان کے پاس صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز حکومت اگر واقعی میں ملک کے اندر استحکام لانا چاہتی ہے تو ایسے وزیروں اور مشیروں سے جان چھڑوائے جو پاکستان کے اندر انتشار کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔ جمہوری اقدار کی ترویج اور مضبوط جمہوری نظام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈر آئین و قانون کے دائرکارہ میں رہتے ہوئے کام کریں۔ پاکستان کسی بھی قسم کے غیر سیاسی طرز عمل کا متقاضی نہیں ہو سکتا۔ملکی حالات تیزی سے ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ ہمسایہ ممالک ترقی کی دوڑ میں آگے نکل چکے اور ہمارے حکمران اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے لیے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک و قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ملک و قوم کو مشکلات سے نکال سکے اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکے۔ملکی تاریخ گواہ ہے کہ گزشتہ 76برسوں سے ملک پر اشرافیہ قابض ہے جیسے عوام کی مشکلات کے حل سے کوئی غرض نہیں۔