پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کا حق ہے،پروفیسرمحبوب الزماں

43

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کا حق ہے لیکن ملک جلائو گھیرائو کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔سیاسی افراتفری کا نقصان ہمیشہ جمہوریت کے خاتمہ کی صورت میں ہوتا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں اختلاف طے شدہ نورا کشتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اعتراف اس کے غیرجمہوری رویوں کاعکاس ہے۔ ملک کو بندگلی سے نکالنے کے لیے قومی ڈائیلاگ شروع کیا جائے ۔جمہوریت کے تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ مسائل کا سیاسی و آئینی حل تلاش کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کے درمیان لگی مفادات کی آگ سے پوری قوم جل رہی ہے۔آج پاکستان اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ قوم بری طرح تقسیم اور معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔اس صورت حال کو نہ روکا گیا تو بڑے نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ تینوں سیاسی جماعتوں نے قوم کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے۔ ن لیگ اور پی پی پی کو بار بار اقتدار کا موقع ملا مگر انھوں نے بھی مسائل کو کم کرنے کے بجائے اضافہ کیا۔پی ٹی آئی تبدیلی اور ریاست مدینہ کا نعرہ لگاکر اقتدار میں آئی مگر پونے چار برسوں میں ایک قدم بھی ریاست مدینہ کی جانب نہیںاٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات سے نکلنے کا واحد راستہ اللہ کے دین کا نفاذ ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، مگر77برسوں میں یہاں اسلامی نظام نافذ نہیں ہو سکا۔قوم پر باربار مسلط حکمرانوں، سیاسی جماعتوں اور آمروں نے اللہ کے دین کے ساتھ بے وفائی کی اور قوم کو دھوکے میں رکھا ۔