شہر میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں ،ہارون میمن

7

سکھر (نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و رہنما حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ شہر میں موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کی چوری کی وارداتوں میں اضافہ سے شہری بے چینی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں ٹریڈ سیکرٹریٹ میں تاجروں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام لوٹ مار کر رہے ہیں، انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسروقہ موٹر سائیکلیں تاحال برآمد نہیں ہوسکی ہیں جبکہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے، امن کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بدامنی پھیلانے والے عناصر سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار امن و امان کے قیام کے لیے کوشاں ہیں لیکن امن و امان کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جارہی ہے اور پولیس کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے کہا کہ وہ شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں ۔