پشاور (صباح نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے انجمن ہلال احمر کو کرم میں عوام کو خوراک فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے ضلع کرم کی سنگین صورت حال کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے انجمن ہلال احمر کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے اور لوگوں کی خدمت کی ذمہ داری سونپ دی۔ فیصل کریم کنڈی نے درسمندر اور ٹل کے علاقوں کے متاثرین کیلیے فوڈ کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سنگین صورت حال میں صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے، عوام کو تحفظ فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، 2013ء سے صوبائی حکومت نے ہمیشہ وفاق پر یلغار کی ہے۔ کرم میں معصوم لوگ مر رہے ہیں لیکن صوبائی حکومت کا مجرمانہ کردار قابل افسوس ہے۔