کمشنر سیسی کا ایف بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا دورہ

172

کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن میانداد راہجو نے فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد تحسین کی دعوت پر ایسوسی ایشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر سیسی کے ہمراہ وائس کمشنر سکندر بلوچ، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان، ڈائریکٹر امبرین کامل، سیف اللہ خان، حامد علی، ڈائریکٹر ایف بی ایریا ڈائریکٹوریٹ علی حیدر زیدی اور ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم جمال، انور علی شاہ، جاوید عمرانی بھی موجود تھے۔

کمشنر سیسی نے ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ایسوسی ایشن کے دفتر میں میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن کے صدر شیخ محمد تحسین، سینئر نائب صدر عبداللہ عابد، چیئرمین سب کمیٹی برائے لیبر ڈیپارٹمنٹ محمد عرفان، ایسوسی ایشن کے سابق صدر سید رضا حسین، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سہیل عبداللہ، ہارون شمسی و دیگر ایمپلائر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین لیبر کمیٹی محمد عرفان نے کمشنر سیسی میانداد راہجو کو سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن سے متعلق آجروں و محنت کشوں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ محنت کشوں کے لیے انڈسٹریل ایریا میں ڈسپنسری یا میڈیکل سینٹر بنایا جائے تا کہ محنت کشوں کو ان کے کام کی جگہ سے قریب علاج و معالجہ کی سہولت میسر آسکے۔ ساتھ ہی نارتھ کراچی میں قائم ڈسپنسری کو اپ گریٹ کرنے اور اسے میڈیکل سینٹر بنانے کی تجویز پیش کئی گئی،

سابق صدر سید رضا حسین و دیگر نمائندوں نے ویجیلنس اینڈ سروے سیل کے حوالے سے اپنی شکایات سے کمشنر سیسی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے 2سال بعد آڈٹ کیا جاتا تھا لیکن گزشتہ پانچ سالوں سے مسلسل ویجلنس اینڈ سروے سیل ہی ہمارا آڈٹ کررہا ہے جس کی وجہ سے ہمیں لوکل ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان کی جانب سے آڈٹ کے باوجود زیادہ سے زیادہ ورکرز کی سیسی میں رجسٹریشن کے لیے کہا جاتا ہے۔ ہمیں ایک ہی ادارے کے دو ڈیپارٹمنٹ کو علیحدہ علیحدہ ڈیل کرنا ہوتا ہے۔ اس حوالے سے کوئی پالیسی وضع کریں۔ اس سے قبل ہمیں یہ مسائل درپیش نہیں تھے، کمشنر سیسی نے اپنے خطاب میں آجروں کو یقین دلایا کہ انڈسٹریل ایریا میں جلد ڈسپنسری قائم کی جائے گی اور میڈیکل سینٹر کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ آپ کی تجویز کردہ جگہ پر ڈسپنسری بنائی جائے گی اور دیگر مسائل کو بھی جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ کمشنر سیسی نے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ میں ہم نے بہت سے کام کیے ہیں، اسپتالوں و ڈسپنسریوں کی کارکردگی کو بہتر کیا گیا ہے۔ شفاف ٹینڈر کے ذریعہ بہترین فارمیسٹیکل کمپنیوں سے ادویات کی خریداری کو ممکن بنایا گیا ہے تا کہ معیاری اور بہترین ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے،

لوکل پرچیز کو محدود کیا ہے۔ سکھر میں 25 بیڈ پر مشتمل اسپتال کا آغاز کردیا گیا ہے۔ نوری آباد میڈیکل سینٹر، کوٹری و حیدرآباد اسپتال میں بیڈ کی تعداد بڑھائی جارہی ہے اور وہاں سہولیات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل کے شعبہ کو جدید طرز پر لایا جا رہا ہے، اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے آجروں کی علاقائی ایسوسی ایشن کے 2 نمائندوں اور محنت کشوں کے دو نمائندوں پر مشتمل اسپتال مینجمنٹ کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ جو اسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گی ان کمیٹیوں کو مالی اختیارات بھی دیئے گئے ہیں، سندھ سوشل سیکورٹی کو جدید تقاضوں کے مطابق چلانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس سلسلے میں ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے، کمشنر سیسی نے آجران پر زرو دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ محنت کشوں کی سیسی میں رجسٹریشن کو یقینی بنائیں تا کہ تمام محنت کشوں کو سیسی سے علاج و معالجہ اور مالی فوائد کی سہولیات میسر آسکیں۔ آخر میں فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن کے صدر شیخ محمد تحسین نے کمشنر سیسی و دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سوشل سیکورٹی کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں ہمیں لوکل ڈائریکٹوریٹ سے کبھی شکایت نہیں رہی ہے آئندہ بھی ہمارا آپ کے ساتھ تعاون رہے گا، انہوں نے کمشنر کے حالیہ اقدامات پر انہیں مبارکباد پیش کی کہ وہ سیسی کی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں، اس موقع پر کمشنر سیسی میانداد راہجو کو ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔