پاکستان سوشل سینٹرشارجہ میں یوم اقبال پر شاندار تقریب کا انعقاد

377

گزشتہ دنوں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں سیکرٹری ایجوکشین پاکستان سوشل سنٹر شارجہ سرفراز احمد صدیقی کی زیر صدارت یوم اقبال کے حوالے سے ایک شاندار پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ ‎تقریب کا آغاز محترم جناب ڈاکٹر اکرم شہزاد نے تلاوت کلام پاک سے کیا ۔
‎نعت کا شرف جناب سرفراز مغل اور ابوبکر سلطانی نے حاصل کیا ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان ہائیر سیکنڈری سکول شارجہ میں درس و تدریس کے فرائض سر انجام دینے والے خوبصورت لب و لہجہ کے مالک محترم جناب آصف بلوچ نے انجام دیئے، اس تقریب کے مہمانِ خصوصی الحاج منظور حسین کریم تھے ، پاکستان ہائیر سکینڈری سکول شارجہ کی طالبات حسنہ وسیم، حفصہ شاہد، فاطمہ عبد الله، ارم مرتضیٰ، حیا وسیم، فجرعادل – عنابیہ وقاص، مس سنجیدہ طارق،مس سمن جدون، عامر پاشا۔ فیاض احمد و دیگر شرکاء نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار و فلسفہ پر روشنی ڈالی اور کہا آج ہم نے علامہ اقبال کے افکار و فلسفہ کو یاد کیا اور ان سے رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ امید ہے کہ ہم سب علامہ اقبال کے پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل کریں گے اور اپنے ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔
جسارت نیوز کے عمران چوہدری نے فلسفہ اقبال پر خصوصی مباحثہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اقبال عملیت پسندی کے قائل تھے ، اقبال خودی کی بات کرتے تھے ، آپ اندھا دھند تقلید کے قائل نہیں تھے ، آپ دوسروں کے رنگ میں نہیں رنگے جاتے تھے ۔ اقبال اس بات پر پریشان تھے کہ “ فرقہ بندی ہے کہیں ، کہیں ذاتیں ہیں ، آج دنیا میں متحدہ عرب امارات واحد ملک ہے جہاں فلسفہ اقبال پر عمل ہو رہا ہے ۔ امارات میں نہ کوئی فرقہ ہے نہ کوئی ذات ہے تمام مسلمان پیار ،محبت اور امن سےاقوم عالم کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو متحدہ عرب امارات کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائیں ۔ آخر میں بچیوں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پرعلامہ اقبال کے 147ویں یوم پیدائش کا کیک کاٹا گیا اور اس پروگرام میں فیملیز بھی موجود تھیں۔