کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع کرم کے علاقے اوچت (بگن) میں مسافر کانوائے کی بسوں پر دہشت گردوں کے حملے میں شیعہ مسافروں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف شیعہ جماعتوں نے گورنر ہاؤس کراچی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ریلی سے خطاب مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری شیعہ ناظر عباس تقوی‘ صادق جعفری, پاراچنار سے تعلق رکھنے والے مشہور عالم دین مولانا رجب علی بنگش‘ سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن صابر ابو مریم, رہنماء جعفریہ الائنس پاکستان ثمر عباس اور صادق رضا تقوی نے کیا۔ اس موقع پر شرکاریلی سے خطاب کرتے ہوئے علماکرام اور تنظیمی ذمے داران نے کہا کہ پاراچنار پاکستان کا غزہ بنا ہوا ہے جہاں تسلسل کے ساتھ حالات خراب کیے جارے ہیں اور خارجی دہشت گرد آزاد دن دہاڑے دہشت گردانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، سیکورٹی اداروں کی سرپرستی میں جانے والی کانوائے پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ سیکورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔ پارا چنار روڈ کو محفوظ نہ بنانا ریاست اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سانحہ کی وجہ کوئی زمینی تنازعات نہیں بلکہ حکومت کی مجرمانہ نیت ہے جو ان مسائل کا حل نہیں چاہتی۔ اس جرم میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور ریاستی ادارے برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعظم ہمارے جنازوں پر پیسوں اور امداد کا اعلان نہ کریں بلکہ ہمیں زندگی یعنی زندہ انسانوں کو پاکستانی تصور کرکے امن سے جینے دیں۔