کراچی(اسٹاف رپورٹر) اراکین کونسل صفورا ٹاؤن کی گزارش پر صفورا ٹاؤن کونسل کا چھٹا ہنگامی اجلاس چیئرمین صفوراٹاؤن کلیم اللہ راشد خاصخیلی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر رکن کونسل شمیم صدیقی نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے میونسپل کمشنر منور حسین ملاح کو پوسٹ سے ہٹانے کی قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا جبکہ کمیٹیوں کی تشکیل ،ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی اور گھوسٹ ملازمین کیخلاف کارروائی، جماعت اسلامی کے سکندر علی کو صفورا ٹاؤن کونسل کا قائد حزب اختلاف مقرر کرنے اور صفورا ٹاؤن میں بی آر ٹی روٹ پر متعلقہ اداروں کی مدد سے ہیوی ٹریفک مالکان کو پابند کرنا کہ وہ مذکورہ روٹس پر ہیوی ٹریفک صرف رات گیارہ بجے سے صبح 6 بجے تک لائیں، کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ ٹاؤن کی صورتحال اور ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے اراکین کونسل نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ طور پر جو قرار دادیں پیش کی گئی ہیں ان پر عمل درآمد ہونے کے بعد ٹاؤن کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ جو ملازمین ڈیوٹیوں پر حاضر ہیں انہیں بروقت تنخواہیں ملنی چاہییں۔ چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی نے کہا کہ اراکین کونسل کی رائے کا احترام کرتے ہیں، مل کر صفورا ٹاؤن کو بہتری کی جانب لے کر جائیں گے۔