حکومت عمران خان کو پختونخوا کی جیل میں شفٹ کردے، شاہد خاقان

125

اسلا م آباد (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم پاکستان اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے بار بار خیبرپختونخوا حکومت کی اسلام آباد پر چڑھائی کا حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جیل میں رکھنا ہے تو حکومت عمران خان کو پشاور، ہری پور یا خیبرپختونخوا کی کسی جیل میں شفٹ کردے۔ دوسری جیل میں منتقل کرنے کیلیے وہاں ایک پرچہ درج کردیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر پارلیمان کا تیسرا حصہ ہے، صدر مملکت کو آگے بڑھ کر بات چیت میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ایسی صورت حال پہلے کبھی نہیں دیکھی، گلیوں میں بھی کنٹینر لگے ہیں، حکومت کو ڈی چوک کو بچانا ہے تو ڈی چوک بند کرے پورا اسلام آباد ساری سڑکیں کیوں بند کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہائیکورٹ نے یہ کہا ہے کہ فونز بند کردیں، کنٹینر لگا کر راستے بند کردیں، سڑکیں کاٹ دیں؟ یہ عجیب بات ہے کہ یہ ہائیکورٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔