اسلام آباد (صباح نیوز) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے دورہ پاکستان سے قبل 75 رکنی بیلاروسی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، ابتدائی وفد میں بیلاروس کے وزرا اور کاروباری افراد شامل ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیلا روس کا وزارتی وفد وزیر خارجہ میکسم رائیزن کوف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا ہے۔ ائرپورٹ پر ان کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈیشنل فارن سیکرٹری (یورپ) شفقت علی خان اور بیلا روس میں پاکستان کے سفیر سجاد حیدر خان نے کیا،بیلا روس کے صدر لوکا شینکو آج(پیر کو اسلام آباد پہنچیں گے، صدرالیگزینڈر لوکا شینکو کو دورے کی دعوت وزیراعظم شہباز شریف نے دی ہے۔ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکوآج سے 27نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، دورہ پاکستان کے موقع پر بیلاس روس کے صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی ملاقات ہوگی، دوطرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔