اگر کوئی جماعت پر امن احتجاج کرے تو پیپلز پارٹی حمایت کرے گی، ناصر حسین شاہ

111

کراچی : پیپلز پارٹی ( پی پی )کے رہنما ناصر حسین شاہ کاکہنا ہے کہ بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان ڈھکے چھپے الفاظ میں این آر او مانگ رہےہیں،   ایسا ممکن نہیں کیونکہ پہلے پی ٹی آئی کو 9 مئی واقعے پر معافی مانگنی ہوگی، اگر کوئی جماعت پر امن احتجاج کرے گی تو پیپلز پارٹی حمایت کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر حسین نے کہاکہ پی ٹی آئی کےدور میں ملک تباہ ہوا ہے، اب ملک میں بہتری آرہی ہے، پی ٹی آئی کا ماضی ملک میں فتنے فساد پھیلانے سے وابستہ ہے، پی ٹی آئی کے لوگ آپس میں ہی لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پی ٹی آئی کے اندر ہی کافی مایوسی ہے، جس کی وجہ سے کارکنان سمیت عوام نے آج کے احتجاج میں شرکت نہ کرکے واضح پیغام دیا ہے، پنجاب میں ہر جگہ امن ہے، کہیں کسی سڑک پر پی ٹی آئی  کے قافلے کی خبر نہیں آئی۔

خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ ( کے پی کے ) کی قیادت میں مختلف قافلے اسلا م آباد کی طرف رواں دواں ہیں، بہت سے قافلوں کو راستے میں ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔