کراچی: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس تاحال متاثر ہے، جس کی وجہ سے صارفین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج والے علاقوں کے علاوہ بھی ملک بھر کے مختلف شہروں میں عوام کو موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز کی بندش کا سامنا ہے، آن لائن کام کرنے والوں اور فوڈ پانڈا کی سروس دینے والے رائیڈرز کو اس وجہ سے کافی پریشانی اٹھانا پڑرہی ہے۔
ایسے میں عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ اگر کہیں امن وامان کی صورتحال خراب ہونے کا امکان ہے تو صرف انہیں علاقوں میں جیمرز لگا کر معاملہ حل کیا جائے ناکہ ملک بھر میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس ڈاؤن کردی جائے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، کسی ایک پارٹی کی وجہ سے ملک بھر میں سروس ڈاؤن کرنا ظلم ہے، ظالم حکمرانوں سے ستائے شہری پہلے ہی مہنگائی سمیت دیگر معاملات سے پریشان ہیں، حکومت فوری طور پر ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کو بحال کرے۔
خیال رہے کہ وزارت داخلہ کے ترجمان نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ صرف سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں ہی موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کی جائے گی، لیکن صبح سے جاری موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس تاحال متاثر ہے۔