غزہ میں اسرائیلی سفاکیت جاری: 24 گھنٹوں میں مزید 37 فلسطینی شہید

104

غزہ: اسرائیلی سفاکیت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں گزشتہ  24 گھنٹو ں میں مزید 37فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جس میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق اسرائیلی طیاروں نے اپنی جارحانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے  خیموں میں قائم اسپتالوں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بناتے ہوئے مزید 37 فلسطینی شہید کردیے، 47 کے قریب افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

زخمی ہونے والوں میں ایک بڑی تعداد خواتین بچوں کی ہے، ادویات کی قلت کے باعث زخمیوں کابنیادی علاج نہیں ہورہاہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موجود وسائل میں اپنی طرف سے جو بھی ممکن ہورہاہےوہ کررہے ہیں۔

ڈاکٹرز نے کہاکہ اگر اسرائیلی درندگی کو نہ روکا گیا تو شہیدوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے، اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے غذائی قلت کا بھی سامنا ہے،  مریضوں کی ایک بڑی تعداد غذا نہ ملنے کی وجہ سے صحت یاب ہونے سے قاصر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 8اکتوبر سے جاری اسرائیلی درندگی میں اب تک غزہ میں 44 ہزار 3سو 77 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں افراد زخمی ہیں، جن کے پاس مستقل علاج کے لیے بنیادی ضروریات کے لیے دوائیں بھی موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے آئے روز فلسطینیوں کی شہادت میں اضافہ ہورہاہے۔