اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ملک کے حالات برباد کرنے کی اجازت نہیں دینگے، جوراستے بند ہیں اور جن کی وجہ سے عوام کو تکلیف کا سامنا ہے تو اس کی ذمہ دار حکومت نہیں تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) ہے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے انتظامیہ سے رابطہ کرکے خود گرفتاری دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ9 مئی کو پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کیے تھے، آج بھی انکا مقصد اسلام آباد میں املاک کو نقصان پہنچانے کا تھا، لیکن انتظامیہ کے بروقت انتظات کے پیش نظر امن وامان برقرار ہے، کسی کوبھی غیرقانونی کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی والوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے، پی ٹی آئی کو کسی بھی چیز سے اختلاف ہے تو عدالتوں سے رجوع کریں، احتجاجی مظاہروں کے نام پر دنگا فساد کرکے ملک کے حالات خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
عطاتارڑ کا مزید کہنا کہ عوام کی سہولیات کے لیے ہم بعض جگہوں پر متبادل راستوں کو بھی بندوبست کیا ہے، ہر جگہ سیکیورٹی فورسز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، خصوصی چیکنگ کےبعد لوگوں کو آگے بڑھنے کی اجازت دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ ( کے پی کے ) کی قیادت میں مختلف قافلے اسلا م آباد کی طرف رواں دواں ہیں، بہت سے قافلوں کو راستے میں ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔