لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پارا چنار کے شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں وکلاء برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر بار کے صدر ایڈووکیٹ حبیب اللہ غوری، نائب صدر مجاہد علی جتوئی، جنرل سیکرٹری کامران گورڑ، جوائنٹ سیکرٹری نادر علی بھٹو اور دیگر وکلاء نے شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ کے بعد واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کے خون سے کھیلنا کسی صورت قبول نہیں، حکومت کو عوام کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اُٹھانا ہوں گے۔ وکلاء نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے سخت سزا اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ انصاف کو یقینی بنایا جائے۔