فیصل آباد (جسارت نیوز) نعمان احسن ملک جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر مقرر۔ اس امر کا فیصلہ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ کی صدارت میں ہونے والے ضلعی تنظیم کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری یاسر اقبال کھارا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ نعمان احسن ملک زمانہ طالب علمی میں طلبا کی ملک گیر تنظیم اسلامی جمعیت طلبا سے وابستہ رہے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو وطن عزیز کی بڑی طاقت ہے، موجودہ مایوسی اور اندھیروں کے دور میں نوجوان قوم کی اُمیدوں کا مرکز ہیں، پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ہراول دستہ ثابت ہوں گے، نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، جماعت اسلامی نوجوانوں کے روشن اور تعمیری مستقبل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ہماری اُمیدوں کا مرکز اور محور ہیں، تبدیلی کے دعویداروں نے نوجوانوں کو مایوسی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، آج تک نوجوانوں کو جس تبدیلی اور انقلاب کا خواب دکھایا گیا وہ کبھی حقیقت ثابت نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر ملک کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔