حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم حیدرآباد کی جانب سے عظیم الشان کینسر ماڈرن اسپتال کی تعارفی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایوان صنعت وتجارت حیدرآباد کے ذمے داران،تاجر برادری سے وابستہ افراد، سیاسی و سماجی شخصیات، ڈاکٹرز پروفیسرز، انجینئرز،صحافی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عمومی اور شعبہ جات کے ذمے داران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس پروقار تعارفی تقریب سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ صوبہ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے خصوصی خطاب کیا ، اس کے علاوہ مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد ڈویژن کے صدر عقیل احمد، کراچی ڈویژن کے صدر احمد ندیم اعوان، اسلام 360 کے بانی زاہد حسین چھیپا، چیمبرآف کامرس حیدرآباد کے سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی، معروف بلڈر ذوالفقار فاروقی، معروف بزنس مین فیصل میمن، ڈاکٹر اقبال ہارون و دیگر شرکاءتقریب نے بھی خطابات کیے۔ اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ صوبہ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ اسپتال جدید طبی سہولیات، ماہر ڈاکٹروں، اور عالمی معیار کے علاج و معالجے کے لیے مخصوص ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگا، جو نہ صرف کینسر کے مریضوں بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی ایک نئی زندگی کی امید ثابت ہوگا،کینسر ایک ایسا مرض ہے جو دنیا بھر میں لاکھوں زندگیوں کو نگل چکا ہے۔ پاکستان میں اس مرض کی بڑھتی ہوئی شرح اور معیاری علاج کی کمی عوام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ایسے میں ماڈرن کینسر اسپتال کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے، جو نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے کینسر کے مریضوں کے لیے خوش آئند ہے۔ عقیل احمد صدرپاکستان مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد ڈویژن نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ انسانیت کی خدمت سیاست سے بالاتر ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل عوامی فلاح و بہبود اور صحت کے میدان میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ یہ ہسپتال جدید ٹیکنالوجی، ریسرچ سینٹرز، اور کینسر کے مختلف مراحل کے لیے خصوصی علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔دیگر مقررین نے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف جسمانی علاج بلکہ مریضوں کے نفسیاتی مسائل کو بھی حل کرنے میں مددگار ہوگا۔