احوال غزہ و فلسطین قیدیوں کی رہائی کے لیے

258

اسرائیل میں سول نافرمانی کی اپیل
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی زیر قیادت انتہا پسند صہیونی حکومت کی طرف سے غزہ میں جنگی قیدی بنائے گئے اسرائیلیوں کی رہائی میں ناکامی کے بعد حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کی اپیلیں شروع کردی گئیں۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے مصنف اور ٹی وی میزبان میرو پیٹتو نے کہا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ اور ان کے حامیوں نے شروع سے ہی دائیں بازو کی حکومت کے خلاف سول بغاوت نہیں کی، کیونکہ اگر وہ ایسا کرتے تو پہلے لمحے سے ان کی رہائی اولین ترجیح کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی۔انہوں نے کہا کہ اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ 411 دنوں کی قید کے بعد وہ آخری حد تک جانے کوتیار ہوگئے ہیں اورمقدمات کی قطار یں لگ گئی ہیں۔ ان مقدمات میں ایک آئینی بغاوت، اٹارنی جنرل کی برطرفی اور اس کے سربراہ کی برطرفی۔ شین بیت کے سربراہ کی برطرفی حریدیم کا فوج میں خدمات انجام دینے سے انکار حکومت کو زیادہ اہم اور بڑے مسائل لگتے ہیں۔ نیتن یاہو کی دائیں بازو کی حکومت کی ترجیحات میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی شامل ہی نہیں ہے۔ حکومتی وزرا قیدیوں کی واپسی کے لیے اسرائیلی عوام کی اجتماعی فریاد پر کان نہیں دھرتے۔ اسرائیلی مصنف نے کہا کہ 7اکتوبر 2023ء کو طوفان الاقصیٰ آپریشن کے بعد سے ہماری خونخوار حکومت نے ساری توانائی جنگ پر لگادی ہے۔

وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 2صحافی شہید ہو گئے
وسطی غزہ شہر میں قابض اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں 2فلسطینی صحافی شہید ہو گئے۔قابض جنگی طیاروں نے صحافیوں محمود الخطیب اور عبدالرحیم الطہراوی پر اس وقت بمباری کی جب وہ الرمل کے محلے میں ثورہ اسٹریٹ سے گزر رہے تھے، جس کے نتیجے میں وہ فوری طور پر شہید ہوگئے۔ دونوں صحافیوں کی شہادت کے ساتھ صحافی شہدا کی تعداد 192 ہو گئی ہے جب کہ 396 دیگر صحافی زخمی ہونے کے علاوہ قابض فوج نے 40 صحافیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

جنین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید
جنین کے گورنر کمال ابو الرب نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے مغرب میں واقع کفر دان قصبے میں دو نوجوانوں کی شہادت کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8ہوگئی ہے۔ ابو الرب نے کہا کہ جنین شہر پر جاری جارحیت کے دوران قابض اسرائیلی جارحیت کے بعد صہیونی فوج نے شہدا کے جسد خاکی تحویل میں لے لیے۔ اسرائیلی فوج کی جارحیت میں 19 افراد زخمی ہوئے ۔ ابو الرب نے کہا کہ قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت میں 2نوجوانوں کی شہادت کی اطلاعات ہیں ،جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔ قابض فوج نے ان کی لاشیں قبضے میں لے لیں۔ قابض اسرائیلی فوج کے ایک ڈرون نے وادی حسن کے علاقے میں ایک گاڑی پر بمباری کی۔ یہ جگہ جنین کے مغرب میں کفر دان اور الیمون قصبوں کے درمیان واقع ہے۔ بمباری کے نتیجے میں القسام بریگیڈز کا ایک رکن محمد فرحات شہید ہوگیا۔ القسام کی اپنی طرف سے جاری کردہ ایک فوجی بیان میں کہا کہ اعتماد کے اعلیٰ ترین نشانات کے ساتھ شہید عزالدین القسام بریگیڈز نے اپنے ایک اور رکن مجاہد قصی محمد یاسر فرحات کی شہادت کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

غزہ میں 64 بچوں اور خواتین سمیت 112 فلسطینی شہید
فلسطین کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری وحشیانہ قتل عام میں 64 بچوں اور خواتین سمیت 112 فلسطینی شہید، 22 لاپتا اور 120 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی گورنری میں کمال عدوان اسپتال کے نواح میں محلے پر بمباری کر کے 4مقامات پر وحشیانہ قتل عام کیا اور غزہ گورنری میں ابو اسکندر کے علاقوں میں دیگر شہریوں کا قتل عام کیا۔ مرکزی گورنری میں نصیرات کیمپ اور خان یونس گورنری میں ہولناک قتل عام کیا گیا۔یہ انتقامی کارروائی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر قابض فوج کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ روکنے کا مطالبہ کرنے والی قرارداد کو امریکا کی طرف سے ویٹو کیے جانے کے بعد کی گئی۔ قابض فوج جان بوجھ کر شہریوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کے خلاف مزید وحشیانہ جرائم اور قتل عام کا ارتکاب کر رہی ہے اور انہیں زبردستی نقل مکانی اور جبری نقل مکانی کی دھمکیاں دے کر ان کے محلوں سے بے گھر کر رہی ہے۔ فلسطینی پریس آفس نے تمام عرب اور مسلمان ممالک، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے اور معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کی روک تھام کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کریں۔

اسرائیل کی سب سے بڑی کریڈٹ کمپنی بدترین خسارے کا شکار
اسرائیل کی سب سے بڑی کریڈٹ کمپنیوں میں سے ایک کے خالص منافع میں 2.5 فی صد کی نمایاں کمی ہوئی ہے اور خسارے کی شرح 2کروڑ 80لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اسرائیلی اقتصادی اخبار کیلکالسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کی سب سے بڑی کریڈٹ کارڈ کمپنی اسرا کارڈ کو افراط زر اور غیر فعال قرضوں کے دباؤ میں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ نتائج 7اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری نسل کشی کی اسرائیلی جنگ کی وجہ سے مسلط بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجوں کے تناظر میں سامنے آئے ہیں، جس نے کمپنی کی مکمل بحالی حاصل کرنے کی صلاحیت کو محدود کر دیا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق اسرا کارڈ کے ذریعے لین دین کا حجم 16.9ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو کہ پچھلے سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 9.1 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔تاہم کمپنی کے سی ای او رین عوز نے نشاندہی کی کہ یہ اضافہ صارفین کی طلب میں اضافے کی عکاسی نہیں کرتا جتنا کہ یہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔ لوگ زیادہ خریداری نہیں کر رہے ، بلکہ زیادہ ادائیگی کر رہے ہیں۔ مثال کے طور پر غیر ملکی دوروں میں 30 فی صد کمی واقع ہوئی، لیکن متعلقہ اخراجات میں صرف 8 فی صد کی کمی ہوئی۔ دیگر شعبوں جیسے انشورنس اور خوراک میں بھی اسی طرح کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بیما کی لاگت میں 15 فی صد اور 20 فی صد کے درمیان اضافہ ہوا ہے۔

القسام بریگیڈ نے بیت لاہیہ میں 15اسرائیلی فوجی ہلاک کردیے
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے شمالی غزہ کی پٹی کے بیت لاہیہ میں ایک جھڑپ کے دوران 15 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ القسام نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر بیان میں کہا کہ ہمارے مجاہدین نے غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیہ اسکوائر کے علاقے میں 15 فوجیوں پر مشتمل گروپ کے ساتھ جھڑپ میں تمام اسرائیلیوں کو جہنم واصل کردیا۔ القسام بریگیڈ غزہ کی پٹی بالخصوص شمالی غزہ کی پٹی میں مزاحمتی ہتھیاروں کے ساتھ غاصب قابض افواج کا مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ قابض فوج نے جنگ کے دوران جبالیہ میں اپنے 30 فوجیوں کی ہلاکت کو تسلیم کیا ہے۔
ooo