وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے دوسری بار رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے درمیان ایک بار پھر موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں اور دارالحکومت میں کسی جلوس یادھرنے کی اجازت ممکن نہیں۔ ،غیر ملکی مہمانوں کا 80 افراد پر مشتمل وفد پاکستان آرہا ہے، ایسی صورتِ حال میں احتجاج سیاسی جماعت کو زیب نہیں دیتا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جماعت کے دیگر رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ پارٹی کی دیگر قیادت سے ملاقات کے بعد ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر نے وزیرِ اعلیٰ خٰبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکو محسن نقوی کے فون سے آگاہ کر دیا، بیرسٹر گوہر وزیرِ داخلہ کو حتمی فیصلے سے شام چھ بجے تک آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبرکو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔