فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماسردارظفرحسین خاں نے کہاہے کہ ملک کے سیاسی، معاشی اور سلامتی کے حالات مسلسل خرابیوں سے دوچار ہیں۔ حالات کو سدھارنے کے بجائے مزید عدم استحکام،عدم اعتماد، بے یقینی پیداکی جارہی ہے۔تمام اسٹک ہولڈرز کواپنی انا، ضداور ہٹ دھرمی ترک کرنا ہوگی۔ قومی ڈائیلاگ کے ذریعے سیاسی بحرانوں کا سیاسی حل تلاش کرنا قومی سیاسی قیادت کا قومی فرض بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادوں کی سیاست کو مفاد پرستی، بلیک میلنگ اور پارٹنرز کی کمزوریاں ناکام بنادیتی ہیں اس لئے اتحادوں کی سیاست ناکامیوں سے دوچار ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سیاسی سِکے کے دو رُخ ہیں اور سیاسی وکٹ پر یہ دونوں طرف سے دوستانہ کشمکش جاری رکھتے ہیںاوروکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ ملک کی ضرورت اتحادی سیاست نہیں، سیاسی جماعتوں اور قیادت کی قومی ترجیحات پر اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مقتدر ادارے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور قومی سیاسی قیادت حالات کی سنگینی کے سدِباب اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمہ کے لیے کوئی سنجیدہ اقدام کے لیے تیار نہیں۔ غفلت، لاپروائی اور سیاسی بے حسی کی وجہ سے سیاسی عدم استحکام روزبروزبڑھتا جارہا ہے۔ آئینی ترامیم، بدنیتی پر مبنی قانون سازی، عدلیہ کی آزادی کاگلہ گھوٹنے سے سِول وملٹری اسٹیبلشمنٹ مزید طاقت ور ہوگئی ہے۔ قومی، صوبائی اسمبلیاں اور سینیٹ ناکارہ، غلام اور ربڑ سٹمپ بن گئی ہیں۔سیاست اور جمہوریت مزیدزیادہ زوال کا شکار ہوگئی ہے۔ سب سے بڑا المیہ عوام کا مسلسل ریاست، سیاست، جمہوریت اور انتخابات سے اعتماد اور یقین ختم ہورہا ہے۔