آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کی ڈیڈ لائن ختم

25

کراچی(سید وزیر علی قادری)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 پر آئی سی سی، پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے جب کہ شیڈول کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔پاکستان اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے کہ بھارت پاکستان نہیں آئے گا تو ہمیں کسی اور ملک میں کھیلنا قبول نہیں ہے، ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ آئی سی سی ہیڈ کوارٹر دبئی پہنچ گئے۔\محسن نقوی نے بھارت سے خاموشی سے بات چیت اور درمیانی راستہ اختیار کرنے کا مشورہ ماننے سے انکار کرکے آئی سی سی حکام کو پیغام پہنچا دیا کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کھیلنے نہیں آتا تو ہماری حکومت بھی بتا چکی ہے کہ بھارت سے نہ کھیلیں اس لیے جیسے کو تیسا کی پالیسی اختیار کی جائے گی، اس مرتبہ کسی بھی دبائو میں ہائی برڈ ماڈل قبول نہیں کیا جائے گا۔بھارت پاکستان نہیں آتا تو قانون کے مطابق9ویں ٹیم سری لنکا کو شامل کیا جائے ، پھر بھی آئی سی سی بھارت کو شامل کرنے پر مصر ہے تو پھر پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔