بھارتی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں 150رنز بناکر آئوٹ

73

پرتھ (اسپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث بھارتی ٹیم 5 میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 150رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، جواب میں میزبان ٹیم بھی مشکلات کا شکار، پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنالئے اور اسے بھارتی اننگز کا ا سکور برابر کرنے کیلیے مزید 83رنز درکار ہیں ۔میچ کے پہلے روز 17 وکٹیں گر گئیں کینگروز بولرز کے سامنے مہمان بھارتی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی۔ اس کے 7 کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نتیش کمار ریڈی 41،ریسبھ پنت 37اور لوکیش راہول 26 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوش ہیزل ووڈ نے 4، مچل اسٹارک،پیٹ کمنز اور مچل مارش نے2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔آسٹریلوی ٹیم بھی مشکلات میں ہے اور اس نے میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 67 رنز پر اپنی 7وکٹیں گنوا دیں بھارت کی جانب سے جسپریت بمرانے 4 محمد سراج نے 2 اورہرشیت رانا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔آسٹریلیا کے ایلکس کیری 19 اور مچل اسٹارک 6 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ گزشتہ روزپرتھ اسٹیڈیم، پرتھ کے مقام پر دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی بارڈر ،گواسکر ٹرافی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو مہمان بھارتی ٹیم کے کپتان جسپریت بمرا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تو یشسوی جیسوال اور لوکیش راہول نے مایوس کن انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ بھارت کی آدھی ٹیم 59 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی ۔آسٹریلوی بولرز نے کسی بھی کھلاڑی کو وکٹ پر جم کر نہ کھیلنے دیا۔ یشسوی جیسوال صفر،دیودت پڈیکل صفر،ویرات کوہلی 5،لوکیش راہول 26 اور دھرو جریل 11 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔