برنس روڈ‘ رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں کا معاملہ‘ فریقین کو نوٹس

61

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں برنس روڈ کے قریب رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیوں کا معاملہ ،عدالت نے دیگر فریقین کو نوٹس ایس ایچ او آرام باغ کے ذریعے تعمیل کروانے کا حکم دے دیا۔ رہائشی گھر میں ہوٹل بنانے کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی جہاں عدالت نے ایس بی سی اے کے وکیل سے استفسار کیاکہ کیا آپ نے مکان مالک اور خریدار کو نوٹس کی تعمیل کروائی؟ ایس بی سی اے کاکہناتھا کہ ہم نوٹس دینے گئے لیکن وہاں کوئی نہیں تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ رپورٹ کہاں ہے کہ فریقین موجود نہیں تھے۔ ایس بی سی اے کے وکیل عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔ عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے ساؤتھ کو فوری طور پر طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہناتھا کہ رہائشی گھر پر ہوٹل بنایا جارہا ہے۔ اوپر ہمارے گھر ہیں‘ نیچے یہ لوگ ہوٹل بنا رہے تھے۔اوپن ایریا کو بھی انہوں نے ہوٹل کا ہال بنا ڈالا تھا۔ عدالت نے 2018ء کو اوپن ایریا پر قائم ہوٹل ہال کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے سائوتھ پیش ہوئے۔ ایس بی سی اے کے وکیل نے عدالت میں نوٹس کی تکمیل کی تصاویر پیش کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی نوٹس کی تکمیل کے لیے گئے تو دروازہ بند ملا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر نوٹس دروازے پر چسپاں کیا تو بتائیں نا، اگر مالک نہیں ملا تو نوٹس کی تکمیل کی رپورٹ جمع کروائیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ یہ نوٹس آج صبح نو بجے چسپاں کیا گیا ہے۔