کراچی (پ ر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت اجتماع امیدواران قبا آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا جس میں امیر ضلع وسطی سید وجیہ الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا مشن اللہ کی کبریائی کو قائم کرنا تھا اور ان کے بعد یہ مشن ہمارے سپرد ہے۔ جماعت اسلامی اسی نصب العین کے تحت قائم کی گئی ہے۔ تحریک اسلامی وقت، حالات اور مقام کے تحت اپنی حکمت عملی تبدیل کرتی رہتی ہے اور نبی کریم ﷺ کی سیرت سے بھی ہمیں یہی سبق ملتا ہے۔ آپؐ نے حالات، واقعات اور عوام کی ذہنی سطح کو مدنظر رکھ کے حکمت عملی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کا تعلق براہ راست عالمی طاقتوں سے ہے۔ ان کے اثر سے حکومتیں تبدیل ہوتی ہیں۔ یہ طاقتیں خطے میں بھارت کی بالادستی اور پاکستان کو غیر مستحکم دیکھنا چاہتی ہیں۔ اگر ہم پاکستان میں انقلاب چاہتے ہیں تو ہمیں عوام کو متحد کرنا ہوگا۔ دعوت کے نتیجے میں لوگوں کو جماعت سے جوڑنا اور جدوجہد میں شامل کرنا ہے۔ آج کسی بھی جماعت کے افراد عوام میں نہیں سوائے جماعت اسلامی کے۔ ہمیں لوگوں کو سمجھانا ہے کہ جماعت کے پاس انقلاب کا ایک پورا فریم ورک ہے۔ ہم ہی انقلاب لا سکتے ہیں۔ فقہی مسائل میں الجھنے کے بجائے مشرکات پر بات کرنی ہوگی اور خصوصاً پیشہ ورانہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھانی ہوگی۔ مسئلہ غزہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ کا مسئلہ حکمران طبقہ کا ہے جو امت مسلمہ پر قابض ہے۔ 50 لاکھ آرمی ہزاروں کی تعداد میں راکٹ‘ سیکڑوں پانی کے جہاز‘ ہزاروں ٹینک موجود ہونے کے باوجود آج ہم لاچار ہیں۔ غزہ کی تحریک نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ امت مسلمہ کا حکمران طبقہ امریکا کا غلام ہے۔