نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں فضائیہ کی نااہلی کے بعد بحریہ کا کارنامہ بھی سامنے آگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق بھارتی بحریہ کے غیر پیشہ ورانہ رویے اور نااہلی کے باعث آب دوز ماہی گیر کشتی سے ٹکرا گئی۔ کوسٹل سیکورٹی اینڈ ڈیفنس مشق کے دوران سطح آب پر آنے والی آب دوز نے ماہی گیروں کی کشتی غرقاب کردی جس میں 13 افراد سوار تھے۔ بحریہ کی اس پیشہ ورانہ غفلت سے کشتی میں سوار افراد کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے۔ واقعہ گوا کے ساحل پر پیش آیا،جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ اس دوران کشتی میں سوار 11 افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ مزید 2افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کے مسافروں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ نے انتہائی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے جس سے ہمارے پیاروں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔