کراچی میں جاری12ویں دفاعی نمائش’’ آئیڈیاز 2024ء‘‘ کااختتام

90
کراچی: عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے موقع پر غیر ملکی مندوبین ایک اسٹال کادورہ کررہے ہیں

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری 4 روزہ بارہویںدفاعی نمائش آئیڈیاز2024ختم ہوگئی، نمائش میں پاکستان کے بنائے گئے جنگی سامان حرب کے حوالے سے کئی اہم معاہدے ہوئے ، نمائش میں 350سے زاید غیر ملکی وفود نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق دفاعی نمائش سامان حرب کی نمائش کے دوران 82 معاہدوں پردستخط ہوئے،نمائش میں پہلے نمبرپر ترکیہ، دوسرے پرچین رہا جبکہ مقامی کٹیگری میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کو ایوارڈ دیا گیا۔ نمائش کی اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج سمیت غیرملکی مندوبین اوردفاعی اتاشی شریک ہوئے،شرکا نے یک زباں ہوکر قومی ترانہ پڑھا، مسلح افواج کے دستوں کے بینڈز نے شاندار سلامی دی، تقریب میں سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوارچراغ حیدرنے بطورمہمان خصوصی شرکت کی،ڈائریکٹرجنرل ڈیپو اسد نوازخان کے علاوہ دیگربھی موجود تھے۔سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار نے خطے کی سب سے بڑی نمائش کے انعقاد پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں اورتمام قانون نافذکرنے والے اداروں کاشکریہ اداکیا۔ ڈی جی ڈیپومیجرجنرل اسد نوازخان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پارٹنرزکی شرکت ہمارے ہتھیار برائے امن کے مقصد کو پورا کرتی ہے،اس ایونٹ نے تمام شریک ممالک کوباہمی تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے سیمینار پاکستان کی ’’دفاعی پیداوار، امکانات ،چیلنجز اورآگے کا راستہ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دفاعی صنعت ہی افواج پاکستان کو مسلح کرنے کی طاقت ہے، پاکستان کی دفاعی صنعتیں اعلیٰ تحقیق و ترقی کے ذریعے ملکی ضروریات پوری کر رہی ہیں۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی ایکسپوسینٹر کادورہ کیا اورغیر ملکی عسکری حکام، دفاعی صنعت کے نمائندگان اور نمائش کے شرکاء سے ملاقاتیںکیں۔ اس سے قبل سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈچراغ حیدرنے نئے فلیگ شپ اسٹور کا افتتاح کیا۔نمائش میں پاکستان نے پہلی بار اپنا تیار کردہ لانگ رینج ائر سرویلنس ریڈار سسٹم پیش کردیا۔ڈائریکٹر بلیو سرچ پرائیویٹ لمیٹڈ اویس رؤف کا کہنا تھا کہ ڈرونز اور انتہائی تیز رفتار میزائل سسٹمز نے دور حاضر میں جنگوں کے طریقہ کار کو بدل کر رکھ دیا ہے ،دشمن کے جنگی اہداف پر تباہ کن حملوں تک ہر طرح کی صورتحال میں میزائل سسٹمز اور ڈرونز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستان کے دوست ملکوں نے بھی اس جدید ترین ریڈار سسٹم میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ نمائش میںنیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپویشن (این آر ٹی سی) کے اسٹال پر موجود ’’ڈاگ روبوٹ ‘‘نے اپنا مخصوص انداز دکھا کر سب کو حیران کردیا۔بظاہر معصوم حرکتیں کرنے والا درحقیقت ایک خطرناک روبوٹ ہے، اس جدید ٹیکنالوجی کو دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔