سعودی عرب کیخلاف زہر اگلنا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے، وزیراعظم

79

کچھی کینال: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا  ہے کہ گزشتہ روز سعود عرب کے خلاف زہر اگلا گیا، جو سب سے بڑی پاکستان دشمنی ہے، گزشتہ 70 سالوں میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

کچھی کینال کی بحالی کے افتتاح  کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ   کل جو بیان آیا اس سے بڑھ کر پاکستان سے کوئی دشمنی نہیں ہو سکتی، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کیلئے اپنے دروازے کھولے، افسوس کہ کچھ لوگ دل میں اچھے جذبات کے بجائے زہر آلودہ بیان دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ مالی، اقتصادی اور ڈپلومیٹک مدد فراہم کی ہے، جب ایٹمی پروگرام بنا تو سعودی ولی عہد نے نواز شریف کا ہاتھ پکڑ کر کہا تھا کہ پاکستان میرا سگا بھائی ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ  کوئی ایسا ہاتھ جو پاک سعودیہ تعلقات میں رکاوٹ بنے گا قوم اسے توڑ دے گی، سیاسی مفادات کیلئے نفرتوں کے بیج بوئے جا رہےہیں،قوم کے اندر اتحاد کو پارا پارا کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہاکہ  وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ذاتی کاوشوں سے کچھی کینال کی بحالی کا مرحلہ مکمل ہوا، نواز شریف کے دور حکومت میں اس منصوبے کا آغاز ہوا ،کچھی کینال بحالی پر بلوچستا ن اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ منصوبہ پرویز مشرف کے دور میں بغیر ٹینڈر کے ٹھکیدار کے حوالے کردیا گیا تھا،  اس منصوبے کو ہم نے پایہ تکمیل تک پہنچایا، دونوں صوبوں کے لوگوں کے مسائل حل ہوں گے۔