وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے سعودی عرب پر الزامات شرمناک ہیں ،جنرل باجوہ کو بشریٰ بی بی کے بیان کی خود تردید کرنی چاہیے۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کےساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پرحملہ کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی سیاسی کشتی ڈوب رہی ہے اس کو بچانے کے لیے یہ بیان دیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 28 لاکھ پاکستانی روزگار کمارہے ہیں، پاکستان کو ملنے والی ترسیلات زر کا سعودی عرب سے ڈائریکٹ تعلق ہے ،بشریٰ بی بی کے سعودی عرب پر الزامات افسوسناک ہیں، پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے مذہبی دیوالیہ پن کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس ملک کے بارے میں انہوں نے بیان دیا، اس ملک سے گھڑی لے کر انہوں نے کاروبار کیا، بشریٰ بی بی کا یہ بیان مذہبی اور سیاسی دیوالیہ پن ہے ،ساری سیاسی حرکتوں کے باوجود پی ٹی آئی کے لوگوں کو تقوی کا زعم بھی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سیاسی ورثے کی لڑائی چل رہی ہے ،بھابی اور نند کے درمیان کشمکش چل رہی ہے، بشریٰ بی بی نے سیاسی وراثت کا دعوی کیا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سات ہزار دہشت گردوں کو صوبے میں لاکر بسایا، علی امین گنڈاپور کا کہیں نہ کہیں اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے اور ان کی اہمیت اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی وجہ سے ہی ہے۔