عباسی شہید اسپتال : شعبہ اطفال میں پیڈیاٹرک اسکل لیب کا افتتاح

120

کراچی: مہمان خصوصی وائس چانسلر کراچی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر وسیم قاضی نے عالمی یوم اطفال کی مناسبت سے عباسی شہید اسپتال کے وی جے شعبہ اطفال میں پیڈیاٹرک اسکل لیب کا افتتاح کردیا۔

تفصیلات کےمطابق پیڈیاٹرک اسکل لیب کے افتتاح کےموقع پر پروفیسر ڈاکٹر سلطان مصطفی ڈین میڈیسن کراچی میڈیکل یونیورسٹی اور وی جے پیڈیاٹرک ڈپارٹمنٹ کے سربراہ بھی موجود تھے، اس موقع پر وارڈ میں داخل بچوں کو خصوصی تحائف  بھی تقسیم کیے گئے، سینئر ڈاکٹر نے پاکستان میں بچوں کی صورتحال اور چیلنجز پر ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی ۔

پروفیسر وسیم قاضی کاکہنا تھا کہ یہ خاص لیب ڈاکٹرز کے لیے قائم کی گئی ہے جس میں بچوں کی صحت کی دیکھ بھال میں مہارت،تربیت ،مشقیں  خصوصی مشینری اور ماڈلزسے کرائی جائینگی۔

وی جے آڈیٹوریم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر وسیم قاضی نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں بحیثیت استاد اور بحیثیت ڈاکٹر ہمیں اپنی نسل نو کی حفاظت کرنے اور ان کو ایک اچھی ذہنی جسمانی صحت کے ساتھ معاشرے کے لیے کارآمد بنانا ہوگا۔

انہوں نے  مزید کہاکہ   پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں روایتی خاندانی نظام کی تباہی کی وجہ سے بچوں کو الگ شناخت دے کر ان کے تعلیمی وصحت کے حقوق پر بات شروع ہو چکی ہے، اسلیے بطور ڈاکٹر اپنے شعبے میں بچوں کے لیے خصوصی شفقت ،محبت اور اُن کی صحت وسلامتی کا محافظ بننا ہوگا۔