کراچی میں جاری آئیڈیاز 2024 کااختتام: 4 روزہ دفاعی نمائش میں 82 معاہدوں پر دستخط

139
Ideas 2024 concludes in Karachi

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری 4 روزہ بارہویںدفاعی نمائش آئیڈیاز2024 اختتام پذیرہوگئی، دفاعی نمائش میں پاکستان کے بنائے گئے سامان حرب کے حوالے سے کئی اہم معاہدے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق19 نومبر کو کراچی ایکسپو میں شروع ہونے والی بارہویں قومی دفاعی نمائش جمعہ 22 نومبر کو اختتام پذیر ہوگئی۔ 4 روزہ دفاعی نمائش میں 350سے زاید غیر ملکی وفود نے شرکت کرکے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے اسلحہ کومعیاری قرار دیتے ہوئے کئی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیئے ہیں۔

دفاعی نمائش سامان حرب کی نمائش کے دوران 82 معاہدوں پردستخط ہوئے،نمائش میں پہلے نمبرپرترکیہ ، دوسرے پرچین رہا جبکہ مقامی کٹیگری میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کو ایوارڈ دیا گیا۔ ایکسپوسینٹر کے کشمیرمارکی میں عالمی دفاعی نمائش کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا،

جس میں تینوں مسلح افواج سمیت غیرملکی مندوبین اوردفاعی اتاشی شریک ہوئے،شرکا نے یک زباں ہوکر قومی ترانہ پڑھا، اختتامی تقریب میں مسلح افواج کے دستوں کے بینڈز نے شاندار سلامی دی، تقریب میں سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوارچراغ حیدرنے بطورمہمان خصوصی شرکت کی،

ڈائریکٹرجنرل ڈیپو اسد نوازخان کےعلاوہ دیگربھی موجود تھے۔سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار نے کہا کہ ہم دفاعی نمائش آئیڈیاز کےانعقاد پروفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مشکور ہیں،تمام قانون نافذکرنے والےاداروں کے تعاون سےاتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد ہوا، جس میں لاتعداد لوگ شریک ہوئے،آئیڈیازخطے کی سب سے بڑی نمائش ہے۔

ان کا کہناتھا کہ آئیڈیاز2024کے دوران کل 82ایم اویوزپردستخط ہوئے،ٹیکنالوجی پارکس کے لیے 15ایم اویوز،سوئٹزرلینڈ کی کمپنی کے ساتھ 10ارب روپے،مڈل ایسٹ کے ممالک کے ساتھ 10ایم اویوزسائن ہوئے جبکہ افریقی ممالک کے ساتھ 5 نئی مفاہتی یادداشتوں پردستخط ہوئے۔

سیکرٹری ڈیفنس پروڈکشن کے مطابق گذشتہ آئیڈیازمیں ایک اعشاریہ تین ارب ڈالرزکی دفاعی مصنوعات کی ایکسپورٹ کی گئی، ہمارے عسکری وسامانِ حرب کو دنیا میں خوب پذیرائی ملی ہے،ملکی ڈیفنس انڈسٹریزفروغ پارہی ہیں،دفاعی نمائش میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسلحے کی تشہیر کی گئی ہے۔

پاکستان نے دفاعی مصنوعات کی تیاری میں جس انداز میں ترقی کی ہے وہ یقینا قابل ستائش ہے۔اس موقع پرڈی جی ڈیپومیجرجنرل اسد نوازخان کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2024نمائش کےکامیابی پر مسرور ہیں،

بین الاقوامی پارٹنرزکی شرکت ہمارے ہتھیار برائے امن کےمقصد کو پورا کرتی ہے،اس ایونٹ نےتمام شریک ممالک کوباہمی تعاون بڑھانےکا موقع فراہم کیا،

دفاعی مصنوعات کی برآمدات کےفروغ میں ڈیپواپنا کردارادا کررہی ہے۔اس سے قبل سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوارلیفٹیننٹ جنرل چراغ حیدر،ہلال امتیاز(ملٹری) (ریٹائرڈ) نے آئیڈیازکےموقع پرنئے فلیگ شپ اسٹورکا افتتاح کیا، پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلےفلیگ شپ اسٹورکوبزنس حب کےطورپراستعمال کیاجائے گا،جہاں پی اوایف کی تمام پراڈکٹس رکھی جائیں گی۔

لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ، ہلال امتیاز (ملٹری)،چیئرمین پی اوایف بورڈ نے سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوارکوپی اوایف فلیگ شپ اسٹور سےمتعلق بتایا،

ڈی ایچ اے اسلام آباد میں قائم کیے گئےاس فلیگ شپ اسٹورکی شمولیت سے پی او ایف کی اب 8 آؤٹ لیٹس پشاور،واہ کینٹ،راولپنڈی، اسلام آباد،لاہوراورکراچی میں قائم ہیں،فلیگ شپ اسٹورپرلائسنس ہولڈرمقامی خریداروں کے لیے غیرممنوعہ بورکا اسلحہ وایمونیشن دستیاب ہوگا،

مقامی مارکیٹ میں معروف شاہین کارتوس کے علاوہ شکارسے متعلق سامان بھی اسٹورپررکھا گیا ہے۔اختتامی تقریب میں تینوں مسلحہ افواج پاک افواج ، پاک بحریہ ، پاک فضائیہ سمیت غیر ملکی مندوبین اور تمام شرکائے محفل نے یک زباں ہوکر قومی ترانہ بھی پڑھا ، جبکہ تقریب میں تینوں مسلحہ افواج کے دستوں نے اپنے اپنے منفرد بینڈز سے شاندار سلامی دی غیر ملکی مندوبین کی بھی بڑی تعداد آئیڈیاز کی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔ اختتامی تقریب کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔دفاعی نمائش آئیڈیاز میں غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدے ہونے کے بعد پاکستان میں تیار کی گئی بم پروف گاڑیاں اب برآمد بھی کی جائیں گی۔

نجی شعبے کے تحت مسلح افواج کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بلٹ پروف اور بم پروف گاڑیاں انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کے مطابق مقامی سطح پر تیار کی جارہی ہیں۔گاڑی کی تیاری کے بعد اس پر فائرنگ کرکے ٹیسٹنگ بھی کی جاتی ہے، پسنجر کمپارٹمنٹ کے علاوہ انجن روم، بیٹری اور فیول ٹینک کو بھی پروٹیکشن دی جاتی ہے، گاڑی کے ٹائروں میں رن فلیٹ لگائے جاتے ہیں جو ٹائر برسٹ ہونے کے بعد 50 کلومیٹر تک چلتے ہیں۔ ان گاڑیوں کی ایکسپورٹ سے ایک طرف اس شعبے میں پاکستان کی تکنیکی ساکھ بہتر ہوگی تو دوسری طرف یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر مسلح افواج کے ساتھ ملکی دفاع میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

آئیڈیاز نمائش میں جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی خصوصیات رکھنے والے ڈاگ روبوٹ نے سب کو حیران کر دیا۔دور جدید میں یوں تو ہر ایجاد ہی کمال لگتی ہے لیکن بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز میں میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپویشن (این آر ٹی سی) کے اسٹال پر موجود معصوم ڈاگ روبوٹ نے اپنے مخصوص انداز دکھا کر سب کو حیران کردیا۔ اس جدید ٹیکنالوجی سے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔اس روبوٹ کو ’ڈاگ روبوٹ‘ کا نام دیا گیا ہے،اس روبوٹ میں کیمرہ اور ریڈار سسٹم موجود ہے جسے ریموٹ کنٹرول سے آپریٹ کیا جاتا ہے، اس روبوٹ کی رینج 500 میٹر تک ہے۔ اس میں ایک کتے جیسی تمام خصوصیات موجود ہیں۔