اسلام آباد: سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیرا عظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشری بی بی کا غیر ذمہ دارانہ بیان سراسر بے بنیاد ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست اور محسن ہے، سعودی عرب نے ہر دور میں پاکستان کی بھر پور مدد کی، سعودی عرب نے عمران خان کی حکومت کا بھی بہت خیال رکھا اور مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کا غیر ذمہ دارانہ بیان سراسر بے بنیاد ہے، سیاسی مفادات کے لیے بے بنیاد الزامات لگا کر قومی مفادات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے، ذاتی طور پر جانتا ہوں کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
واضح رہے گزشتہ روز بشری بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاں گئے اور واپس آئے توباجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
بشری بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا کہ ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لیکر آئے، کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔