جیکب آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کی جانب سے آج کیمپ لگایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالرشید وہاب میمن صدر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) سندھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماضی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی پیما نے گل اسپتال میں POB کراچی کے تعاون سے 3 روزہ مفت امراض چشم کا کیمپ آج لگانے کا اہتمام کیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ مفت کیمپ میں حسب سابقہ آپریشن میں لینسز، ادویات، کھانا، رہائش اور او پی ڈی کی تمام سہولیات بالکل مفت مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں ملک بھر کے ماہر امراض چشم سرجن ڈاکٹر پروفیسر مصباح العزیز، سرجن ڈاکٹر شایان، سرجن ڈاکٹر اعجاز میمن، سرجن ڈاکٹر ہاشم قریشی اور سرجن ڈاکٹر نیاز میمن جدید مشینوں کے ذریعے آپریشن کی خدمت سرانجام دیں گے، جبکہ ڈاکٹر عبد الرشید میمن سینئر، ضلعی صدر پیما ڈاکٹر اشفاق، ڈاکٹر سعید اپنے معاونین محمد عظیم بروہی، دلدار سومرو، یاسر اسحاق سومرو، محمد علی گھنیو و دیگر کے ہمراہ کیمپ کے انتظامات سنبھالیں گے۔ ڈاکٹر عبد الرشید نے کہا کہ ہم کیمپ سے استفادہ کرنے والے مریضوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنا بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول کرکے آئیں۔