بلاول اور ایاز صادق کیخلاف کارروائی کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

44

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بلاول زرداری اور ایاز صادق کے خلاف کارروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سردار ایاز صادق کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست اشبا کامران نامی خاتون کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلاول پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے، بلاول چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بھی ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین اور پاکستان پیپلز پارٹی 2 الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق یہ الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہورہی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو بلاول زرداری کی اس خلاف ورزی پر یکم نومبر کو خط لکھا، بلاول زرداری اس خلاف ورزی پر نااہل ہوسکتے ہیں، عدالت الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ فریقین کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔