راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا گیا دوسرا اور آخری4 روزہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا ، اس طرح پاکستان شاہینز نے2 میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی، شاہینز نے پہلے 4 روزہ میچ میں سری لنکا اے کے خلاف 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی ، راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے اور آخری روز سری لنکا اے نے اپنی دوسری اننگز 260 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی ، سونال دنوشا اور پون رتھانائیکے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچریاں اسکور کیں ، سونال دنوشا نے 10 چوکوں کی مدد سے 116 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، انہوں نے پہلی اننگز میں بھی 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی ، پون رتھانائیکے نے 8 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے ، دونوں بلے بازوں کے درمیان 5ویں وکٹ میں 214 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی ، پہلی اننگز میں 23 رنز کی بدولت سری لنکا اے نے پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے 284 رنز کا ہدف دیا ، جواب میں شاہینز نے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے محمد سلیمان 66 اور حیدر علی 43 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔