رجسٹرڈ صنعتوں کو فوری سرٹیفکیشن جاری ہوگی، جاوید شیخ

62

کراچی (کامرس رپورٹر) ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کے قائم مقام چیئرمین جاوید اے شیخ نے کہا ہے کہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی تجویز کردہ غیر رجسٹرڈ صنعتوں کو پرانے واجبات کی ادائیگی کے بغیر فوری طور پر سرٹیفیکیشن جاری کی جائیگی۔ کاٹی میں ہیلپ ڈیسک کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ واجبات کی ادائیگی کیلئے مشاورت سے لائحہ عمل طے کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹی میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جنید نقی، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زاہد سعید، سینئر نائب صدر اعجاز احمد شیخ، نائب صدر طارق حسین، سابق چیئرمین و صدور جوہر قندھاری، ایس ایم یحییٰ، گلزار فیروز، احتشام الدین، سلیم الزماں، سائیٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم علوی، ای او بی آئی کیڈائریکٹر ابریز مظفر، ریجنل ہیڈ کورنگی علی انور جمالی و دیگر بھی موجود تھے۔قائم مقام چیئرمین ای او بی آئی جاوید اے شیخ نے کاٹی کو اپملائیز اولڈ ایج بینیفٹ ادا کرنے والی پاکستان کی سب سے بڑی صنعتی تنظیم ہونے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی سے بہت پرانا تعلق ہے، کورنگی انڈسٹریل زون کی صنعتوں کے مسائل، نوٹس، اٹیچمنٹ سمیت دیگر ایشوز کو کاٹی کی مشاورت کے بغیر کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔ جاوید اے شیخ نے کہا کہ ای او بی آئی ہر ماہ 5 ارب روپے سے زائد کی پنشن کی ادائیگی کرتا ہے، جبکہ اب تک 524 ارب روپے کا فنڈ بن گیا ہیجس میں ادارے کو کوئی گرانٹ نہیں ملتی جبکہ تمام رقم ای او بی آئی صنعتوں اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی کنٹری بیوشن سے ممکن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن دینا ہے، جبکہ ارادہ ہے کہ ملازمین کی پنشن کی رقم میں اضافہ کیا جائے تاکہ مہنگائی کے دور میں ملازمین کا گزارہ آسان ہو۔ جاوید اے شیخ نے مزید کہا کہ افسران کی جانب سے سخت رویہ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،اس سلسلے میں کاٹی سمیت کسی بھی ادارے کو شکایت ہو تو فوری طور پر رجوع کرے۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی نئے پورٹل کا ٹیسٹ کر رہا ہے جس میں تمام ملازمین کی تعداد، رجسٹرڈ دفاتر اور کنٹریبیوشن کی رقم کی تفصیلات ایک کلک پر موجود ہوں گی۔ تاہم یہ سافٹ ویئر جلد متعارف کرادیا جائے گا۔ قائم مقام چیئرمین ای او بی آئی نے کہا کہ مختلف علاقوں میں موجود ددفاتر کی علیحدہ رجسٹریشن کے مسئلہ کو بھی حل کر رہے ہیں۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر جنید نقی نے کہا کہ ای او بی آئی ایک ہی ادارے کے مختلف دفاتر کی علیحدہ رجسٹریشن کرتا ہے جس سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔جبکہ انڈسٹری کا بیشتر حصہ چھوٹے اور درمیانی صنعت (ایس ایم ایز) پر مشتمل ہیں جہاں وسائل کی کمی کے باعث ایچ آر سمیت دیگر ڈیپارٹمنٹ قائم نہیں ہوتے، ایسے اداروں میں آگاہی کا بھی فقدان ہے۔