پاکستان (کامرس ڈیسک)ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اشتراک سے اسلام آباد میں جمعرات کے روز یوتھ سیفٹی سمٹ پاکستان کا انعقاد کیا۔ اس سمٹ کا مقصد آن لائن تحفظ کے بارے میں آگاہی بڑھانا، ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا، اور پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تحفظ فراہم کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔sیہ سمٹ نوجوانوں اور کم عمر افراد کی حفاظت پر کام کرنے والے متعلقہ شراکت داروں کو ایک اہم پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا ذریعہ تھی، جس میں حکومتی نمائندے، قانون نافذ کرنے والے ادارے، اساتذہ، والدین اور بچے، بچوں کی حفاظت کے لیے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے اور صنعت کے ماہرین شامل تھے۔اس سمٹ میں کئی معلوماتی سیشنز منعقد ہوئے۔ ایک سیشن میں ‘ڈیجیٹل حفاظت’ کے اقدام پر روشنی ڈالی گئی تھی، جو ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کے درمیان ایک مشترکہ کاوش ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں میں آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ پی ٹی اے نے اپنی موجودہ کاوشوں پر ایک پریزنٹیشن بھی دی، جس میں بچوں کی آن لائن حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا گیا، خاص طور پر ایسے اقدامات جن کا مقصد نوجوان صارفین کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل ہے۔