قائد اعظم ٹرافی: تیسرے روز 4 میچوں کا فیصلہ، محمد عباس کی عمدہ بولنگ

105

راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے5ویں رائونڈ کے میچوں کے تیسرے دن 4 میچوں کا فیصلہ ہو گیا ، فاٹا نے لاہور بلوز ، لاہور وائٹس نے لاڑکانہ، کوئٹہ نے ڈیرہ مراد جمالی اور ملتان نے آزاد جموں کشمیر کو شکست دے دی ، پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق گوہاٹی اسٹیڈیم میں لاہور بلوز کی ٹیم فاٹا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں120 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، آفاق آفریدی نے تباہ کن بولنگ کی اور 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، فاٹا کو جیت کیلیے 178رنز کا ہدف ملا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد عثمان نے ناقابل شکست 57 رنز بنائے ، چاروں وکٹیں محمد عباس نے حاصل کیں مرغزار گرائونڈ میں لاڑکانہ کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف دوسری اننگز میں 258 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، اکبرالرحمن 59 اور محسن رضا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے ، محمد سلمان نے4 اور عبید شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، لاہور وائٹس کو جیت کیلیے 123رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، عمران ڈوگر نے 78رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، میرپور ا سٹیڈیم میں سیالکوٹ کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں297 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ، محمد ولید نے 75 رنز بنائے، تابش خان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 7وکٹیں حاصل کیں، کراچی بلوز نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 214 رنز بنا لیے ، سیف اللہ بنگش 103 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، محمد علی اور شعیب اختر نے 4,4 وکٹیں حاصل کیں، نیشنل گرائونڈ میں فیصل آباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 346 رنز بنا کر آئٹ ہو گئی، اویس ظفر نے 145 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، محمد کاشف 98 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے ، موسی خان نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، اسلام آباد نے 396 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے اختتام پر 7وکٹوں پر 136 رنز بنا لیے، علی تاج 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس کو بہاولپور کے خلاف جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف ملا ، اس نے کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنا لیے، اس سے قبل بہاولپور نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 266رنز بنائے تھے، علی حمزہ 65، محمد شہریار 53 اور عابد علی 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔